Sunday, 27 January 2013

Waziristan Dairy: آشیانہ کیمپ کی کچھ یادیں

محترم دوستوں 
اسلام و علیکم 

الحمد الله، میں اور میرے دوسرے ساتھ دوست جو کہ لاہور اور راولپنڈی سے ٹیم آشیانہ کا حصہ بننے آشیانہ کیمپ، میرانشاہ، شمالی وزیرستان گئے تھے گزشتہ ہفتے (ویک) واپس اپنے اپنے گھروں کو ساتھ خیریت کے پہنچ گئے ہیں، یہ الگ بات ہے کے ہم میں سے اکثر دوست اور ساتھی شمالی وزیرستان کے سخت سرد موسم اور نہایت ہی خراب حالات کی وجہہ سے مختلف بیماریوں کے شکار ہوۓ جن میں مجھ کو نمونیا، فیصل بھائی کو سینے (چیسٹ) انفیکشن اور ندیم بھائی کو سخت بخار کی کیفیت کا سامنا کرنا پڑا. مگر یہ ایک حقیقت ہے کے ساتھ خیریت کے اپنے اپنے گھروں کو پہنچ جانے کے بعد کم از کم میری ادھ بیماری تو ختم ہو گئی اور باقی کی ادھ بیماری کے علاج کے لئے ڈاکٹر صاحب سے ملاقات اور علاج کا سلسلہ جاری ہے اور بہت امید ہے کے میری طرح باقی ساتھیوں کو جو بھی بیماری لاحق ہوئی ہے وہ بہت جلد شفایاب ہو جائیں گے - انشا الله.


دوستوں،  میں آج سے ایک مہینہ قبل جب شمالی وزیرستان کے لئے کچھ امدادی سامان (جن میں بچوں اور خواتین کے لئے گرم کپڑے، جوتے، چپلیں، کچھ ادویات، کمبل وغیرہ شامل تھے) لے کر روانہ ہوا تھا تو اس وقت مجھ کو بلکل اندازہ نہیں تھا کہ شمالی وزیرستان کی سردی مجھ جیسے شہری انسان کے لئے کس قدر مضر اور پریشان کن ثابت ہو سکتی ہے. اپنے طور پر تمام تر اسباب اور سامان سے لیس ہو کر جب میں ٹیم آشیانہ کے کارکنان سے دتہ خیل، میں آشیانہ کیمپ میں ملا تو سب ہی حیران تھے کہ ہم اس سرد موسم میں وہاں کیا لینے گئے ہیں؟ مگر دل انسانی اور فلاحی خدمات کے جذبۂ سے سرشار تھا. سروں پر مسلسل ڈرون پرواز کر رہے تھے مگر دل اور دماغ اس اندیشے سے بلکل خالی تھا کہ یہ بلی جیسے ڈرون ہم جیسے لوگوں پر کسی قسم کا حملہ، کاروائی یا ہم سے کسی قسم کی چھیڑ چھاڑ کریں گے. مجھ کو پورا یقین تھا اور ہے کہ یہ بلی جیسے ڈرون صرف اور صرف ان لوگوں کے لئے استعمال ہو رہے ہیں جو سرکار صاحب کی نظر میں غیر اخلاقی اور دنیا کے امن کے لئے خطرہ بن چکے ہیں اور ہم جیسے لوگ تو امن ہی کو اپنا مقصد سمجھتے ہیں. تو اس دفع بلی جیسے ڈرون کا کوئی زیادہ خوف یا دبدبہ نہیں رہا مگر انتہائی سرد موسم نے جو کچھ ہمارے ساتھ کیا میں اور میرے دیگر ساتھی اس کے لئے ہر گز تیار نہیں تھے، اور سچ بات یہ ہے کہ آشیانہ کیمپ کی میرانشاہ منتقلی کے بعد مجھ کو اس بات کی بہت امید ہو چلی تھی کے اب ہم شرپسند لوگوں اور سرد موسم سے کافی حد تک محفوظ ہو چکے ہیں مگر میرے دونو ہی اندازے بلکل غلط ثابت ہوۓ. آشیانہ کیمپ کی دتہ خیل  سے میرانشاہ منتقلی کے بعد ہماری کوئی بھی پریشانی نا ہی ختم ہوئی نا ہی کم، بلکہ کچھ نئی طرز کی پریشانیوں نے گھیر لیا، کچھ ایسی پریشانیاں جن کا تعلق انتظامی اور فلاحی امور سے تھا (ان پریشانیوں کا ذکر آئندہ لکھوں گا). مگر سلام ہو ٹیم آشیانہ کے مقامی کارکنان، آشیانہ کیمپ میں مقیم مقامی افراد جن میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل ہیں کو اور ٹیم آشیانہ کے سرپرست اور آشیانہ کیمپ کے نگران سید عدنان علی نقوی بھائی کے تدبر، فہم اور انسانیت دوستی پر کہ ہر لمحہ ثابت قدم رہے اپنے مقصد سے ایک قدم پیچھے نہ ہٹے، ہر طرح کے حالات کا نہ صرف سامنا کیا بلکہ کر رہی ہیں اور ہر گزرتے دن کے ساتھ ان سب کے حوصلے اور محبت اور فلاحی مشن میں تیزی ہی آتی جا رہی ہے. میں، میرے گھر والے میرے دوست و احباب اور ساتھ سب ہی عدنان بھائی کی صحت، تندرستی اور ان کی لمبی عمر کے لئے دعاگو ہیں، الله پاک عدنان بھائی، ان کے تمام ساتھیوں، آشیانہ کیمپ میں مقیم بزرگوں، بچوں، خواتین، اور تمام وزیرستان میں رہنے والوں کی مشکلات کو آسان کرے اور فلاحی مشن کو جاری و ساری رکھے - آمین. ہم سب لوگ بھی انشا الله ہمیشہ اپنا حصہ ڈالتے رہیں گیں.

ہم دتہ خیل میں رہے یا میرانشاہ میں ماحول وہی تھا جو سارے وزیرستان کا ہے. وہی سوال و جواب، طنز و تیر کے نشتر، وہی لوگوں کا مذھب اور مسلک سے متعلق پوچھنا، میرا خیال کے کہ جب تک میں وہاں مقیم رہا تب تک وہاں کے دیگر لوگ ہم کو کسی بیرونی تنظیم کا رکن ہی سمجھتے رہے. (ایسا شاید ان لوگوں کے ساتھ گزرتے حالات کی وجہہ سے ہے). مگر ان سب باتوں کے باوجود میرا اپنی (پاکستانی) افواج اور سیکورٹی اور سلامتی کے اداروں پر اعتماد، بھروسہ اور فخر اور بڑھ گیا ہے کہ جو ہم سے بھی زیادہ بہت مشکل، برے اور سخت ترین حالات میں مقامی شرپسندوں کی تمام تر مخالفت کے باوجود اپنے اپنے مورچوں پر ڈٹے ہوۓ ہیں. ان جوانوں کو نہ ہی غذا کی پروا ہے نہ ہی دوا کی فکر ان کا مقصد صرف اور صرف پاک سر زمین کی حفاظت اور جزبہ محبت پاکستان و اسلام ہے. میں ان جوانوں کو اپنی آنکھوں سے دیکھ کر آیا ہوں جو نہ صرف شمالی وزیرستان میں اپنی جان کی پروا یا فکر کے بغیر مادر وطن کی حفاظت پر مامور ہیں. مجھ کو ہر پاکستانی کو اپنی افواج اور سیکورٹی کے اداروں کے ایک ایک جوان پر فخر ہونا چاہیے کہ اپنے گھروں سے دور جذبہ شدت سے لبریز یہ جوان کس قدر مشکل حالات میں پاک سر زمیں کی حفاظت پر مامور ہیں. الله پاک ان جوانوں کو صبر، حوصلہ استقامت عطا فرماۓ اور ہم سب (پاکستانیوں) کو بھی وطن سے وہی محبت عطا کرے جو ان جوانوں کا لباس اور سرمایا ہے - آمین 

دوستوں،  میرا اور میرے دوسرے ساتھیوں کا جتنا بھی وقت آشیانہ کیمپ، میرانشاہ، شمالی وزیرستان میں گزرا اس کا ایک ایک لمحہ میرے لئے ایک نیا تجربہ ثابت ہوا، ہر لمحہ میں نے کچھ نہ کچھ نیا سیکھا اور الله پاک کا شکر ہے کہ اس فلاحی مشن میں بہت دفع میرے قدم ڈگمگائے ضرور مگر میں گرا نہیں اور نہ ہی ہار مانی. اب اگر میں وہاں گزرے ایک ایک دن کی یادداشت لکھنے بیٹھوں گا تو یہ صفحات بھی کم پڑھ جائیں گے اور شاید میں بھی لکھ نہ سکوں. کیوں کے شمالی وزیرستان کی یادوں میں صرف اور صرف غم، افسوس، ملال، فکر و پریشانی کی باتیں ہی شامل ہیں. مگر کچھ ضروری باتیں انشا الله آنے والے وقت میں ضرور تحریر کروں گا جس سے شاید بیرونی دنیا کے لوگوں کو شمالی وزیرستان کے زمینی حقائق کو سمجھنے اور وہاں کے لوگوں کے مسائل کا اندازہ لگانے میں آسانی حاصل ہو. باقی کچھ باتیں اور مسائل ایسے ہیں جن کا ذکر کرنا مناسب نہ ہوگا کیاکہ ان باتوں کا تعلق میرے وقت پاکستان کی سلامتی سے ہے. 

ابھی کے لئے اتنا ہی، انشا الله بہت جلد (بشرط وقت کی دستیابی) اپنی یادداشت ضرور تحریر کروں گا. آج سے ہم کچھ دوست اور ساتھی آشیانہ کیمپ، میرانشاہ، شمالی وزیرستان کے لئے بھیک مشن کا مقامی سطح پر آغاز کر رہے ہیں جس کے لئے کچھ دیر میں مجھے بھی باہرنکلنا ہوگا. تو اجازت دیں انشاء الله بہت جلد پھر ملاقات ہوگی. 

نوٹ: عدنان علی نقوی بھائی، کچھ مقامی ساتھیوں کے ساتھ اس وقت پشاور میں موجود ہیں اور بھیک مشن میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ فریال بہن (کینیڈا) کل رات ہی کراچی پہنچی ہیں اور مقامی ساتھیوں کے ہمراہ بھیک مشن کے سلسلے میں اس وقت راشد منہاس روڈ، گلشن اقبال میں موجود ہیں اور لاہور میں فیصل بھائی، راولپنڈی میں ندیم بھائی ملتان میں ڈاکٹر عرفان بھی اپنے اپنے طور پر بھیک مشن سر انجام دے رہے ہیں. الله پاک مدد کرے اور ہم کو اپنے فلاحی مشن میں کامیاب کرے. آمین 

جو دوست اور ساتھی بھیک مشن کے سلسلے میں یا کسی طرح کی امداد کے لئے ٹیم آشیانہ کے کارکنان سے رابطہ کرنا چاہتے ہیں براہ کرم درج ذیل لنک استعمال کریں.
http://teamashiyana.blogspot.com 

جزاک الله 
آپ کا دوست اور ساتھ 
احمد، کارکن ٹیم آشیانہ 
آشیانہ کیمپ، ١٥ کلومیٹر، میرانشاہ، شمالی وزیرستان